ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل : موگیر کے احتجاجی دھرنے میں نوجوانوں نے پکوڑے تل کر مودی کی ہدایت پر کیا عمل؛ لیڈروں نے کہا؛ حکومت ہماری قوت برداشت کا امتحان نہ لے

بھٹکل : موگیر کے احتجاجی دھرنے میں نوجوانوں نے پکوڑے تل کر مودی کی ہدایت پر کیا عمل؛ لیڈروں نے کہا؛ حکومت ہماری قوت برداشت کا امتحان نہ لے

Sat, 02 Apr 2022 12:46:48    S.O. News Service

بھٹکل ،2؍ اپریل (ایس او نیوز) ضلع شمالی کینرا کے موگیر سماج  کو درج فہرست ذات (ایس سی) میں شامل کرنے کی مانگ لے کر دھرنے پر بیٹھے ہوئے احتجاجیوں نے ریاستی حکومت کو وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی قوت برداشت کا امتحان نہ لیا جائے ۔

خیال رہے کہ بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر دفتر کے باہر غیر معینہ مدت کے لئے شروع کیاگیا موگیروں کا دھرنا آج   سنیچر کو12 ویں دن میں داخل ہوگیا ہے ۔ کل جمعہ کے دن احتجاجی دھرنے میں  موگیر سماج  کے بعض نوجوانوں نے  دھرنے والی جگہ پر ہی  پکوڈا ،  بجے وغیرہ پکاکر اپنی ناراضگی ظاہر کی ۔ اور یہ بتانے کی کوشش کی کہ وہ وزیراعظم مودی کی ہدایت پر عمل کررہے ہیں۔  پکوڈا  تلنے والی جگہ پر ایک بورڈ بھی آویزاں کیا گیا تھا جس پر لکھا تھا کہ"   شیڈول کاسٹ کی سہولت سے محرومی کی وجہ سے پکوڈا تل کر زندگی گذار رہے ہیں موگیر سماج کے نوجوان"

اس موقع پر موگیر سماج کے صدر انپّا  موگیر نے دھرنے میں شرکت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کہہ رہی ہے کہ موگیر سماج کے لوگ پسماندہ طبقات (بیک ورڈ کلاس) میں آتے ہیں ۔ جبکہ 2011 میں ہائی کورٹ نے فیصلہ سنایا ہے کہ شمالی کینرا کے موگیر بیک ورڈ کلاس میں نہیں آتے ۔ اس کے باوجود حکومت سچائی چھپانے کا کام کر رہی ہے ۔

ایڈوکیٹ ناگراج ای ایچ نے کہا کہ 1994 میں چنپّا ریڈی کمیشن نے شمالی کینرا کے موگیروں کو ایس سی میں شامل کیا تھا ۔ اس کے بعد 2005 میں عدالتی فیصلے کے بعد ہمیں سرٹفکیٹ جاری کیے گئے ۔ پھر اس کے بعد افسران کی طرف سے غلط معلومات فراہم کیے جانے پر حکومت نے ذات سرٹفکیٹ جاری کرنا بند کر دیا ۔ پھر بھی ہم نے عدالت کی معرفت سے ذات سرٹفکیٹ جاری کروانے کا حکم حاصل کر لیا ۔ مگر حکومت نے  عدالتی فیصلہ پر عمل نہ کرتے ہوئے توہین عدالت کا کام کیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ضلع شمالی کینرا کے انچارج وزیر نے جو بیان دیا ہے اس کے مطابق موگیرْ اور موگویرا سماج کے لوگ دیگر طبقات 1 میں آتے ہیں ، لیکن ہم لگ موگیرْ نہیں موگیرا ہیں ۔ پھر بھی ہمیں سرٹفکیٹ دینے میں کیوں رکاوٹ پیدا کی جارہی ہے ؟ ہمیں تکلیف دینے کے مقصد سے سماج کلیان محکمہ کے چند افسران حکومت کو غلط معلومات دے رہے ہیں ۔ حکومت کو چاہیے کہ ہمارے صبر کا امتحان لئے  بغیر ہمیں سرٹفکیٹ دینے کا اقدام کرے ۔

اس موقع پر سابق ایم ایل اے منکال وئیدیا ،کے ایم کرکی ، شریدھر موگیر، بھاسکر موگیر ، ڈی کے موگیر وغیرہ موجود تھے ۔


Share: